جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکا، 2 فوجی اہلکار ہلاک

216

خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاکستان فوج کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع خیبر میں فورسز اور مسلح افراد کے درمیان مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مسلح شخص ہلاک ہوگیا۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں دو مختلف واقعات میں ایک شدت پسند اور پاکستان فوج کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا، بارودی سرنگ دھماکے میں فوج کے دو اہلکار سپاہی بنارس اور سپاہی کریم ہلاک ہوگئے، 23 سالہ ہلاک سپاہی بنارس خان کا تعلق اورکزئی جبکہ 23 سالہ سپاہی عبدالکریم کا تعلق خیبر سے تھا۔

دوسری جانب ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں فورسز اور مسلح افراد کے درمیان مبینہ طور پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک شدت پسند ہلاک جبکہ 2 کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ فوج نے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔ میڈیا کو جاری کردہ بیان میں ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کی ولسوالی سرویکئ کے علاقے چگملائی تنگہ میں تحریک طالبان پاکستان کے مجاہدین نے ایف سی کی گشتی پارٹی پر مائن بلاسٹ کی جس میں دو اہلکار ہلاک ہوئےـ