تربت : 6 غیر مقامی افراد کے قتل کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج

378

بلوچستان کے شہر تربت میں فائرنگ سے 6 غیر مقامی افراد کے قتل کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ مکران میں درج کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مقدمہ نیاز نامی شخص کی مدعیت میں، نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نصیر نامی شخص کے زیر تعمیر گھر میں رہائشی 8 افراد پر فائرنگ کی، کے خلاف درج کیا گیا ۔

مقدمے میں قتل اقدام قتل اور دہشتگردی کی مختلف دفعات شامل کی گئی ہے۔

نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکند ر ولد رمضان سکنہ ملتان،نعیم ولد اسلم سکنہ نارووال ،شفیق ولد عبدالعزیز سکنہ ملتان،رضوان ولد اللہ داد سکنہ ملتان،شہباز ولد ممتاز سکنہ ملتان،وسیم ولد ممتازسکنہ ملتان ہلاک ہوگئے جبکہ توحید ولد جاور خان سکنہ نارووال ،غلام مصطفی ولد نظیر سکنہ ملتان زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ایک بیان جاری میں کہا ہے کہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے کیچ کے مرکزی شہر تربت میں بی ایل اے انٹیلیجنس ونگ کے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے قابض پاکستانی فوج کے 6 آلہ کاروں کو ہلاک کردیا۔

جیئند بلوچ نے کہا کہ بی ایل اے کے انٹیلی جنس ونگ کے معلومات کے مطابق پاکستانی فوج کے متعدد آلہ کار و مخبر تربت شہر کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن میں ایک خالی مکان کو بطور ٹھکانہ استعمال کررہے ہیں۔ مذکورہ آلہ کاروں کو قابض فوج کے کیمپ آتے جاتے اور دشمن کی گاڑیوں میں سوار ہوتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ اہلکار بھیس بدل کر قابض پاکستانی فوج کیلئے مخبری اور بلوچ دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے، جو نام نہاد ڈیتھ اسکواڈ کارندوں کو ٹھکانے بھی فراہم کررہے تھے۔

جیئند بلوچ نے کہا کہ ہم ایک بار پھر ٹھیکیداروں، ہوٹل مالکان اور رہائشی مکان مالکان پر واضح کرتے ہیں قابض پاکستان کے آلہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے پر وہ اپنے جانی اور مالی نقصانات کے ذمہ دار خود ہونگے۔