تربت: ہلاک افراد کی لاشیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پنجاب منتقل کیئے جائینگے – ایس پی معطل

531

حکومت بلوچستان نے تربت واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی تربت کو معطل کر دیا ہے جبکہ واقعہ میں ہلاک ہونے والے غیر مقامیوں کی لاشوں اور علاقے میں موجود ان کے لواحقین کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خصوصی ہیلی کاپٹر اور طیارے کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جاررہا ہے۔

جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے پوش علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں مسلح افراد نے ایک مکان میں گھس کر پنجاب کے رہائشی چھ افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک اور دو کو زخمی کردیا تھا۔

ہفتے کو یہاں جاری ایک سرکاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور ہفتے کی علی الصبح سے ہی نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان تربت کی ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں ۔

نگران وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر حکومت بلوچستان کا ہیلی کاپٹر اور طیارہ میتوں ان کے لواحقین اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرنے کے لئے تربت پہنچ چکے ہیں جہاں سے انہیں آج صوبائی دارالحکومت کوئٹہ منتقل کیا جائے گا اور کل علی الصبح انہیں ملتان بھیجوایا جائے گا اس ضمن میں حکومت بلوچستان کمشنر ملتان ڈویژن ضلع انتظامیہ ملتان اور حکومت پنجاب سے رابطے میں ہے۔

زخمی افراد کو بہتر سے بہتر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ہلاک افراد کی میتوں کو سرکاری سطح پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خصوصی ہیلی کاپٹر میں منتقل کیا جائے گا جس کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

حکومت بلوچستان کی جانب سے واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا گیا ہے ہنگامی اقدامات کے تحت تمام تر منتقلی کے امور کو سنجیدگی سے دیکھا جاررہا ہے اور انتظامی سطح پر پوری توجہ سے معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جار رہا ہے.