تربت: سیکورٹی خدشات، شہر میں دفعہ 144 نافذ

381
File Photo

تربت شہر میں سیکورٹی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کیا گیا ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان کے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر مکران کی درخواست پر تربت میں امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر ایک مہینے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دہشت گردی کے حالیہ واقعہ کے بعد سیکیورٹی تھریٹ کے پیش نظر موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پابندی کا اطلاق ایک مہینے کے دوران غروب آفتاب سے لیکر طلوع آفتاب تک برقرار رہے گا۔

خلاف ورزی کے مرتکب ملزمان پر قانونی کاروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ تربت شہر اور گرد نواح میں اکثر و بیشتر بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک اور پاکستانی فورسز پر حملے کرتے آرہے ہیں ۔

گذشتہ دنوں شہر کے سٹیلائٹ ٹاؤن میں غیر مقامی افراد پر ایک جان لیوا حملہ کیا گیا جس کی ذمہ داری بلوچستان کے متحرک علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے سرمچاروں نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی میں قابض پاکستانی فوج کے 6 آلہ کاروں کو ہلاک کردیا۔

جیئند بلوچ نے کہا تھا پاکستانی فوج کے متعدد آلہ کار و مخبر تربت شہر کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن میں ایک خالی مکان کو بطور ٹھکانہ استعمال کررہے ہیں۔ مذکورہ آلہ کاروں کو قابض فوج کے کیمپ آتے جاتے اور دشمن کی گاڑیوں میں سوار ہوتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ اہلکار بھیس بدل کر قابض پاکستانی فوج کیلئے مخبری اور بلوچ دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے، جو نام نہاد ڈیتھ اسکواڈ کارندوں کو ٹھکانے بھی فراہم کررہے تھے۔