تربت:عالمی یوم اساتذہ ، مختلف تقاریب کا انعقاد

343

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کے زیراہتمام ورلڈ ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں کالج کے تمام اکیڈمک عملہ اور طالبات شریک ہوئے۔ بچیوں نے اپنی جماعتوں کو سجایا سنوارا۔

انہوں نے اپنے اساتذہ کے لئے اپنے جذبات و احساسات کا اظہار کیا۔ اساتذہ کی شان میں ترانے، شاعری اور نغمے سنائے استاد کی عظمت کے عنوان پر تقاریر بھی پیش کیں۔ اساتذہ نے طالبات کے کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے والہانہ انداز میں ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا جو کہ قابل تعریف ہے۔

آخر میں اساتذہ کرام نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تعلیم پر بھر پور توجہ دیں۔ اپنے اور اپنے والدین، ملک اور قوم کا نام روشن کریں۔ آخر میں کالج کی پرنسپل نے طالبات کی کاوشوں پر ان کی حوصلہ افزائی کی اور ساتھ میں مزید ایسے مواقع کو پروقار بنانے کی تلقین بھی کی۔

دریں اثنا ڈیلٹا اسکول کیچ کی جانب سے عالمی یومِ اساتذہ کی مناسبت سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈیلٹا اسکول کیچ کے ڈائریکٹر مراد اسماعیل بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، اساتذہ کے کردار سے ہی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے، اساتذہ کا احترام کرنا ہم سب کی ذمہ داری اور فرض میں شامل ہے، ترقی یافتہ ممالک کی ترقی میں اساتذہ کا ایک اہم کردار ہے، اساتذہ کے کردار اور مقام و عظمت کو سمجھنا چاہیے یہ ایک مقدس اور پیغمبرانہ پیشہ ہے۔

پروگرام میں ڈیلٹا اسکول کے تمام کیمپس کے اساتذہ اور زمہ داران نے شرکت کیا، جبکہ پروگرام میں طلبہ وطالبات نے ٹیبلو پیش کیے اور اساتذہ کی عظمت اور کردار کے حوالے سے خطاب کرکے اپنے اساتذہ کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

پروگرام میں اسکول ڈائریکٹر مراد اسماعیل بلوچ نے نمایاں کردار ادا کرنے والے اساتذہ کو نقدی انعام کا چیک پیش کیا جبکہ دیگر اساتذہ میں شیلڈ بھی تقسیم کیا گیا۔

پروگرام میں بچوں و بچیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے اساتذہ کا عالمی دن بڑے جوش و خروش سے منایا جبکہ اساتذہ کے عالمی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹاگیا۔