مڈل اسکول نیو کاہان کے پرنسپل کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کی مذمت کرتے ہیں ۔این ڈی پی

120

نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بیان میں کہا کہ پچھلے کچھ وقتوں سے اہلیاں نیو کاہان کو انتظامیہ، کوئٹہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور سرکاری اداروں کی جانب سے مختلف قسم کے ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنے آبائی سرزمین سے بے دخل کرنے کی ناکام کوشش کیا جا رہا ہے، اہلیاں نیو کاہان کی جانب سے اپنے آبائی سرزمین سے دست بردار نہ ہونے کی وجہ سے انتظامیہ کے ذریعے نام نہاد گرفتاری یا زیر حراست جیسے گھناؤنے حرکات کیے جا رہے ہیں، اسی لیے پچھلے دنوں مڈل اسکول کے پرنسپل کو بھی زیر حراست رکھا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ کیو ڈی اے اور کوئٹہ انتظامیہ کی جانب سے مڈل اسکول نیو کاہان پر بلا جواز حملہ کیا گیا بچوں اور اساتذہ کو ہراساں کرنے کے بعد ادارے کے پرنسپل میر خان کو غیر قانونی طریقے سے پابند سلاسل کیا گیا اور مچلکہ کے نام پر بھاری رقم لے کر اور تنبیہ کر کے اور اس بنیاد پر رہا کیا گیا کہ جس زمین پر اسکول تعمیر کیا گیا ہے اس کو فورا خالی کیا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ مڈل اسکول نیو کاہان کا سرکاری ریکارڈ میں موجودگی کے باوجود سرکار نے یہاں درس و تدریس کے حوالے سے کسی قسم کی مدد فراہم نہیں کیا گیا ہے۔ اس ادارے کو فعال کرنے کے لئے علاقائی نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت یہاں درس و تدریس کا عمل شروع کروایا جبکہ ماضی میں صرف ایک این جی اوز نے اس حوالے سے اپنی خدمات پیش کیے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اس اسکول کو سرکاری زمین کے بہانے سے خالی کروا کر در اصل اس سنگین قبضہ گیری سوچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے جس کے تحت نیو کاہان کو مکمل طور پر قبضے میں لے کر کمرشلائیز کرنا ہے اور مقامی لوگوں کو بے دخل کرکے نوآبادیاتی پالیسیوں کو دوام بخشا جائے۔ لیکن قوم پرست پارٹی کی حیثیت سے ہم مقامی لوگوں کو یہ باور کراتے ہیں کہ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی ہر ممکن حد تک ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہم کیو ڈی اے،کوئٹہ انتظامیہ اور صوبائی گورنمنٹ کو بھی یہ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے بصورت دیگر ہم ہر فورم پر اس کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں گے۔