ریکوڈک پروجیکٹ برادر قبائل کی جدی پشتی ملکیت ہے۔ رضا خان ناروئی

286

برادر قبائل ضلع چاغی کے سرکردہ رہنماء سردار رضا خان ناروئی نے ذاکر لجئی، میر اصغر علی لجئی و دیگر کے ہمراہ پریس کلب دالبندین میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ ریکوڈک پروجیکٹ برادر قبائل کی جدی پشتی ملکیت ہے ہمارے پاس برطانوی دور حکومت کے دستاویزات موجود ہیں مگر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ریکوڈک پروجیکٹ کے معاملے پر ہمیں مکمل طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے جس سے ہمارے خدشات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ برادر قبائل میں لجئی بدوزئی ناروئی اور دوکوگی قبائل شامل ہیں جو کہ ضلع چاغی کی قدیمی قبائل میں شمار ہوتے ہیں ریکودک پروجیکٹ سمیت یہاں پر موجود دیگر معدنیات اور وسائل کے تحفظ کے لیے ہزاروں سالوں سے ہی ہمارے آباواجداد نے قربانیاں دی ہیں مگر افسوس ریکودک پروجیکٹ کے سربراہ بیرک گولڈ بشمول وفاقی و صوبائی حکومتوں عسکری قیادت نے برادر قبائل کو بائی پاس کرکے خود ساختہ و نام نہاد اشرافیہ کو اعتماد میں لے کر برادر قبائل کی حق تلفی کر دی ہے جس پر ہم ہر گز خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ ضلع چاغی کے معدنیات اور قیمتی ذخائر سے مالا مال علاقے برادر قبائل کی ملکیت میں آتے ہیں انگریز نے اپنے دور حکومت میں ہماری ملکیت کو تسلیم کر دیا مگر اب بااثر طبقہ ہماری میراث و ملکیت کو شیر مادر سمجھ کر ہڑپ کرنے کے منصوبے بنا رہی ہے ہمیں اعتماد میں لینا اپنی جگہ پر چوکیداری کرنے تک گوارہ نہیں کرتے جو کہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے وسائل پر مقامی افراد کی دسترس نہ ہونے سے احساس محرومیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس سے قبائلی افراد بالخصوص نوجوانوں کا منفی پہلو کی جانب راغب ہونا ایک المیہ ہے ہم بحثیت مسلمان و بحثیت بلوچ اپنے حقوق کے لیے آخر دم تک لڑیں گے موت یا کفن سے گھبرانے والے نہیں ہمارے باپ دادا نے قربانیاں دی مگر ہم بھی ان کے نقش قدم پر چل کر ملک و ملت کی خاطر اور اپنے وسائل کےلئے لڑیں گے اس لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں بالخصوص ملک کی اعلی عسکری قیادت ریکودک پروجیکٹ کے سربراہ ہمارے خدشات دور کرے وسائل پر ہماری ملکیت کو تسلیم کرتے ہوئے ہمیں اعتماد میں لے بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت ہوگی اس موقع پر میکائیل ناروئی بنیامین ناروئی سردار مدد خان دوکوگی کے نمائندے محمد خیر دوکوگی عبدالحکیم دوکوگی محمد مراد دوکوگی امان اللہ دوکوگی عبدالعلی بدوزئی شیر محمد بدوزئی ماسٹر محمد نعیم لجئی وحید لجیی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔