بلوچستان: واقعات میں 4 افراد ہلاک، 13 زخمی

92
File Photo

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور روڈ حادثات کے واقعات میں خواتین سمیت چار افراد ہلاک جبکہ بچوں سمیت تیرہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جھل مگسی کے ہیڈ کوارٹر گنداواہ محلہ بپڑ میں گذشتہ رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے عبدالکریم لاشاری اور انکی بیوی کو ہلاک کردیا۔ جبکہ فائرنگ سے ان کے تین بچے فرمان، سلیمان اور لاشار خان زخمی ہوگئے۔

واقعے کے فوراً بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اتوار کے روز ساکران اٹک موڑ کے قریب تیز رفتار ڈمپر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گیا جس کے نتیجے میں 40سالہ نقیب ولد سمیع اللہ نامی شخص ہلاک اور دو افراد احسان ولد اعظم اور عبید اللہ ولد فیض اللہ زخمی ہوگئے۔

لاش اور زخمیوں کو جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال حب منتقل کردیا گیا اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حادثے میں ہلاک اور زخمیوں کا تعلق پشاور سے ہے۔

دریں اثناء سندھ سے سونمیانی وندر کے ساحلی علاقے ڈام بندر آنے والی ماہی گیروں سے لوڈ سوزوکی پک اپ مین قومی شاہراہ پر پیر مجاہد کے قریب تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔

حادثے کے باعث سوزوکی میں سوار ماہی گیروں میں سے ایک ماہی گیر ابو سومرو ولد محمد صدیق ساکن عجائب سومرو سندھ موقع پر ہلاک ہوگیا، جبکہ سوزوکی میں سوار دیگر 8 ماہی گیر راجہ رند ولد دریا خان، غلام مصطفی ولد بچو، جمن ولد محمد اسحاق، خدا بخش ولد احمد، واحد بخش ولد رسول بخش، عبدالعزیز ولد سومرو، بچو ولد دھنی بخش اور یوسف ولد ہاشم شدید طور پر زخمی ہوگئے۔