گوادر: پاکستان نیوی پر بم حملہ

970

بلوچستان کے ساحلی شہر میں نامعلوم افراد نے پاکستان نیوی کو نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

گوادر میں جی ٹی گیٹ پر قائم پاکستان نیوی کے چیک پوسٹ کو نامعلوم افراد نے آج علی الصبح دستی بم حملے میں نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق دھماکے کی آواز دور تک سنائی دی گئی جبکہ دھماکے کے نتیجے میں نیوی اہلکاروں کے جانی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔

حکام نے تاحال اس حوالے سے کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی ہے۔

گوادر میں پاکستانی فورسز اور سی پیک پراجیکٹ سے منسلک اہلکاروں کو بلوچ آزادی پسندوں کیجانب سے حملوں کا سامنا ہے۔

گذشتہ مہینے گوادر شہر میں ایک کمپنی سے منسلک چینی شہریوں کے قافلے کو بلوچ لبریشن آرمی نے حملے میں نشانہ بنایا تھا۔

مذکورہ حملے میں چینی شہریوں سمیت پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ حملہ بی ایل اے مجید برگیڈ کے دو “فدائین” نے کیا تھا۔

چار روز قبل گوادر میں پاکستان بحریہ کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس میں دو افسران سمیت تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پاکستان بحریہ نے دعویٰ کیا کہ گوادر میں پاکستان بحریہ کا ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں پاکستان بحریہ کے دو افسران اور ایک اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

ہلاک اہلکاروں کی شناخت لیفٹیننٹ کمانڈر جواد، لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ اور ایل یو ڈبلیو ٹی حسنین کے نام سے ہوئی ہے۔