کوئٹہ: ولی تنگی حملے میں قابض پاکستانی فوج کے کیمپ پر قبضہ کرکے 11 اہلکار ہلاک کردیئے – بی ایل اے

1445

بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہےکہ ہمارے سرمچاروں نے گذشتہ دنوں کوئٹہ کے نواحی علاقے ولی تنگی میں قابض پاکستانی فوج کے ایک کیمپ پر مکمل قبضہ کرکے گیارہ اہلکاروں کو ہلاک کردیا اور دشمن کا فوجی ساز و سامان اپنے قبضے میں لے لیا۔

ترجمان نے کہاکہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے 14 ستمبر 2023 کی شام تقریباً 6 بجے کے قریب کوئٹہ کے قریب ولی تنگی کے مقام پر قابض پاکستانی فوج کے ایک کیمپ کے حفاظتی پوسٹس پر حملہ کرکے، کیمپ پر مکمل قبضہ کرلیا۔ سرمچاروں نے دشمن فوج کو مختلف اطراف سے گھیرنے کے بعد راکٹ اور دیگر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس سے دشمن حواس باختہ ہوگیا، دشمن افواج اپنا اسلحہ اور ہلاک و زخمیوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

جیئند بلوچ نے کہاکہ سرمچاروں نے قابض فوج کے کیمپ کے دو پوسٹوں کو مکمل اپنے قبضے میں لیا جبکہ تیسرا پوسٹ جو کہ ایک اسلحہ ڈپو تھا، اسے راکٹ حملے میں تباہ کردیا گیا، جس کے نتیجے میں دشمن کا اسلحہ کا ذخیرہ مکمل تباہ جبکہ پوسٹ پر تعینات تمام اہلکار ہلاک ہوگئے۔

مزید کہا کہ حملے کے نتیجے میں قابض فوج کے صوبیدار قیصر رحیم بھٹہ سکنہ کوٹ ادو سمیت 11 اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ قبضے کے بعد دشمن کا اسلحہ کا ذخیرہ و تمام سازوسامان بلوچ سرمچاروں نے اپنے قبضے میں لے لیا۔

جیئند بلوچ نے کہاکہ بلوچ لبریشن آرمی اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ قابض پاکستانی فوج کی مکمل انخلاء تک دشمن پر اسی طرح کے کاری ضرب لگائے جائیں گے۔