پاکستان امریکہ کا ایک اہم شراکت دار ہے، امریکی محکمہ خارجہ

375

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ اور وہ اسکے ساتھ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے۔ وہ بدھ کے روز محکمہ خارجہ کی معمول کی بریفنگ کےدوران ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔

نامہ نگار نے ایک سابقہ بریفنگ کا حوالہ دیتے ہوئے میتھیو ملر سے سوال کیا تھا کہ اس بریفنگ میں ان سے جب پوچھا گیا تھا کہ پاکستان میں امریکی سفیر کی الیکشن کمیشن کے سربراہ سے ملاقات کا سبب کیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان کے امریکی سفارت خانے سے رجوع کیا جائے جو اس کی یقیناً وضاحت کریں گے۔

نامہ نگار نے کہا کہ ان کے ے رابطہ کرنے پر سفارت خانے نے اس سلسلے میں اگست میں جاری کیے گئے اپنے ایک بیان کا حوالہ دیا تاہم نامہ نگار نے کہا کہ ان کے اس سوال کا جواب بھی نہ مل سکا کہ کیا عوام سے عوام کی سطح پر دونوں ملکوں کے تعلقات کچھ بہتر ہوئے ہیں۔ ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔ وہ ہمارا اہم پارٹنر ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ پاکستان کے صدر نے انتخابات کے لئے چھ نومبر کی تاریخ تجویز کی ہے کیونکہ آئین کے مطابق نوے دن میں الیکشن ہونے چاہئیں۔ لیکن الیکشن کمیشن اسکے لئے آمادہ نظر نہیں آتا۔ آپ کا کیا رد عمل ہے تو ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ جس طرح ہم دنیا کے تمام ملکوں سے کہتے ہیں اسی طرح ہم پاکستان سےبھی کہتے ہیں کہ بنیادی حقوق اور انسانی حقوق کو پیش نظر رکھتے ہوئے آئین اور قانون کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات مقررہ وقت کے اندر ہونے چاہئیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے جب پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے حوالے سے امریکہ کا ردِ عمل دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم دونوں حکومتوں پر زور دیں گے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں۔