مستونگ دھماکہ، تین زخمی چل بسے، ہلاکتوں کی تعداد 55 ہوگئی

251

بلوچستان کے شہر مستونگ میں الفلاح روڈ پر عید میلادالنبیﷺ کے جلوس میں کیے جانے والے خودکش دھماکے میں پولیس کے ڈی ایس پی سمیت 55 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے میں 10 سے 15 کلو بارودی مواد اور بال بیرنگ استعمال کیا گیا۔خود کش دھماکا مستونگ بازار میں الفلاح روڈ پر ہوا جہاں عاشقان رسول مدینہ مسجد کے باہر عید میلادالنبی کے جلوس نکالنے کے لیے جمع ہورہے تھے، جہاں سے جلوس نے روانہ ہونا تھا، اس دوران جلوس کے بیچوں بیچ ایک زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔

اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کا کہنا ہے کہ مدینہ مسجد کے قریب میلاد کی مناسبت سے لوگ جمع ہورہے جس کے بعد لوگوں نے جلوس میں شرکت کرنی تھی۔

آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے خود کش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایس پی سٹی نواز گشکوری نے خود کش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی اس ہی دوران دھماکا ہوا اور وہ خود بھی ہلاک ہوگئے جبکہ دھماکے میں 3 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عبدالرشید نے بتایا کہ دھماکے کے بعد تمام زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال اور ڈی ایچ کیو مستونگ متقل کیا گیا۔

دھماکے میں ہلاک ہونے والے 16 افراد کی لاشیں اور 20 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو مستونگ جبکہ 32 افراد کی لاشیں اور سینکڑوں زخمیوں کو نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کیا گیا۔دونوں اسپتالوں میں زخمیوں کو طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کیا گیا، کوئٹہ منتقل ہونے کے دوران 5 زخمی دم توڑ گئے جن کی لاشیں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئیں۔دھماکے میں مجموعی طور پر 53 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان سول اسپتال نے بتایا کہ مستونگ دھماکے کے مزید 2 زخمی دم دوڑ گئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 55 ہوگئی۔ایک زخمی ٹراما سینٹر سول اسپتال جبکہ دوسرا زخمی بی ایم سی میں دروان علاج جاں بحق ہوا، سول اسپتال ٹراما سینٹر میں 8 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 6 زخمیوں کو بی ایم سی میں طبی امداد دی جارہی ہے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا خود کش تھا جس میں 10 سے 15 کلو دھماکا خیز مواد اور بال بیرنگ استعمال کیا گیا۔خود کش حملہ آور پیدل الفلاح روڈ پہنچا جہاں وہ یجوم کے اکھٹے ہونے کا انتظار کرتا رہا جیسے ہی مدینہ مسجد کے باہر 200 سے زائد افراد جمع ہوئے تو خود کش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق تفتیشی عملے نے جائے وقوعہ سے ایک دستی بم برآمد کیا جسے بی ڈی حکام نے فائر کرکے ضائع کردیا۔