دکی، لورالائی : فائرنگ کے واقعات میں 1 شخص ہلاک، 4 زخمی

212
فائل فوٹو

بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلہ کان کے کمیشن کے تنازعہ پر چچا زاد کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ناصر آباد کے علاقے کلی حاجی علی خان ناصر میں کوئلہ کان کے کمیشن کے تنازعے چچا زاد کی فائرنگ سے نعمت اللہ اور عرفان اللہ زخمی ہوگئے اور ملزم فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق حاجی عبدالصمد ناصر کے بیٹوں کی فائرنگ سے انکے چچازاد نعمت اللہ اور عرفان اللہ زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد لورالائی منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مزید کارروائی کی جارہی ہے۔

دوسری جانب فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں راہگیر سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز حبیب قلعہ روڈ پر پرانا مویشی منڈی کے قریب فائرنگ سے فاقرالعقل نوجوان معصوم خان ساکن غریب آباد اور نصیب اللہ ہوتک ساکن کلی سلیمان زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال دکی پہنچا دیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔

دریں اثنا لورالائی میں اتفاقیہ گولی لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق لورالائی میں فرحت خان نا می شخص پستول صاف کر رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔

لاش کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی مزید کاروائی جا ری ہے ۔