گرلز ڈگری کالج خضدار کی طالبات نے ضلعی انتظامیہ خضدار کے ساتھ مزاکرات میں کالج کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی پر محدود مدت کے کئے اپنا احتجاج موخر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مطالبات پر عمل درآمد نہیں ہوا اور طالبات کو کالج انتظامیہ و پرنسپل کی جانب سے ہراساں کیا گیا تو دوبارہ احتجاج و اس میں مزید وسعت لاکر سخت لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہونگے۔
واضح رہے کہ آج مورخہ 28 اگست کو گرلز ڈگری کالج خضدار کے طالبات نے ٹرانسپورٹ، بی ایس اور ایف ایس سی کی کلاسز میں بے قاعدگیوں، اساتذہ کی کمی و دیگر مسائل کے حل کے لئے بارہا کالج انتظامیہ و ذمہ داران کی جانب سے خاطر خواہ پیش رفت نہ ہونے پر احتجاج کیا۔
طلباء کے مطابق دوران احتجاج کئی طالبات کو کالج میں بند کرکے ہراساں بھی کیا گیا، بالاخر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات میں مسائل کو حل کرنے و طالبات کو کالج انتظامیہ کی جانب سے ہراساں نہ کرنے کی یقین دہانی پر محدود مدت کے لیے اپنا احتجاج مؤخر کردیا ہے۔