بلوچستان کے علاقے تربت میں گوگدان اور دیگر علاقوں میں چار دنوں سے بجلی کی بلاوجہ بندش کے خلاف آج بروز جمعہ کو اہلیان گوگدان نے ڈی بلوچ پوائنٹ پر مرکزی شاہراہ بلاک کردیا ہے۔
ایم ایٹ شاہراہ کی بندش کے باعث تربت سے گوادر، پسنی، اورماڈہ ،حب اور کراچی کے لیے آنے اور جانے والی ٹریفک معطل ہے۔ جبکہ روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
دوسری جانب دشت، مند، تمپ اور ناصرآباد سے تربت کے لیے آنے والی مقامی ٹرانسپورٹ بھی معطل ہے۔
ڈی بلوچ پوائنٹ پر ایم ایٹ شاہراہ کی بندش کا سبب گوگدان اور دیگر علاقوں میں گذشتہ چار دنوں سے کیسکو کی بلاوجہ بجلی کی سپلائی معطل کرنا بتائی جارہی ہے۔