بلوچستان: فائرنگ اور روڈ حادثے میں پانچ افراد ہلاک، خاتون زخمی

308

بلوچستان کے ضلع قلات اور نوشکی میں فائرنگ اور روڈ حادثے میں لیویز اہلکار سمیت پانچ افراد ہلاک جبکہ خاتون زخمی ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق قلات کے علاقے منگچر، جوہان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار ہلاک ہوگیا، ہلاک ہونے والے لیویز اہلکار کی شناخت محمد حسن لہڑی کے نام سے ہوئی ہے۔

لیویز کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، فائرنگ کی زد میں آکر لیویز اہلکار کی اہلیہ بھی شدید زخمی ہوگئی۔ لیویز اہلکار کی لاش اور زخمی خاتون کو آر ایچ سی منگچر منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب نوشکی میں دو گاڑیوں کے مابین تصادم کے نتیجے میں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں چار افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

ویگن اور مزدہ گاڑی میں احمد وال کے علاقے جورکین کے مقام پر تصادم ہوا، ویگن اور مزدہ گاڑی میں ایرانی تیل سمگل کیجئے جا رہے تھے، تصادم میں آگ لگنے سے دونوں گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئے۔

ٹریفک حادثے میں جانبحق حاجی محمد حنیف کا تعلق غریب آباد اور ظہور احمد قادر آباد نوشکی جبکہ کبیر احمد اور ملوکان کا تعلق مستونگ سے بتایا جاتا ہے۔