امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا دورہ گوادر

616

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے آج بلوچستان کے ساحلی شہر ضلع گوادر، کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہاکہ امریکہ اور بلوچستان کے درمیان کامیاب تعلق کی طویل تاریخ ہے۔ گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد امریکہ نے خوراک اور اشد ضروری رقم کے ذریعے چھ لاکھ اکسٹھ ہزارافراد کی اعانت کی اور نوے ہزار بچوں کو بھوک کے خطرے سے نمٹنے کے لیے کھانا فراہم کیا۔

سفیر نے کہاکہ گزشتہ سال کے دوران امریکی اعانت سے اکتالیس مراکز صحت کی کامیابی سے تجدید کی گئی۔ تعلیم کے میدان میں امریکی اعانت سے بی یو آئی ٹی ای ایم ایس اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں پروگراموں کو فروغ دیا گیا اس طرح بلوچی اور مختلف دوسری زبانوں کی تدریس اور تعلیمی مواد کو ترقی دے کر آئندہ نسل کے نوجوانوں کو بااختیار بنایا گیا۔

اپنے دورے کے دوران امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گوادر میں سیاسی رہنماؤں، گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندوں اور حکومتی اور نجی شعبے کے مختلف رہنماؤں سے تعمیری مذاکرات کئے۔ سیاسی رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقات میں سفیر نے معاشی نمو، آفات کے دوران مدد اور تیاری، سیکورٹی اور امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بلوچستان کی ترقی کے لیے امریکی اعانت کا اعادہ کیا اوران اقدامات کا ذکرکیا جن کے ذریعے پاکستان سرمایہ کاری کے لیے اپنے ہاں ماحول کو بہتر بناسکتا ہے۔

گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ارکان سے اپنی ملاقات میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے. ان عوامل پر توجہ مرکوز کی جن کے ذریعے خطے میں کاروبار، نقل و حمل، سیاحت، ماہی گیری اور سمندرسے متعلقہ معاشی شعبوں میں امریکی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وفدنے بتایا کہ کس طرح پاکستانی کی قیادت میں تمام گروہوں کی شمولیت سے کاروباری تعلقات کو فروغ دے کربلوچستان بھر میں روزگار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے. اور کس طرح کاروباری تعلقات کو وسعت دے کر بلوچستان میں تکنیکی مہارتوں میں اضافہ اور دوطرفہ تجارت کوفروغ دیا جا سکتا ہے۔

حکومتی اور کاروباری رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں میں سفیر بلوم نے پاک. امریکہ سبز اتحاد فریم ورک پر بھی بات کی جو دونوں ملکوں کو مل کر ماحول، توانائی، پانی اور معاشی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دے رہا ہے۔

سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہم خاص طور پر بلوچستان سمیت سارے پاکستان کو ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کی استعدادبڑھانے، متبادل توانائی کے لیے کوششوں اور سب کے لیے معاشی ترقی کو فروغ دینے میں اعانت فراہم کررہے ہیں۔ سبز اتحاد کے تحت بارہ ہزار کسانوں کو امریکی اعانت فراہم کی گئی جن میں سے زیادہ تر کا تعلق بلوچستان سے ہے اور دوہزار ایکڑ پر بہتر ٹیکنالوجی اور انتظامی طریقوں کو بروئے کار لاکر پیداور میں اضافہ اور برداشت اور بعد از برداشت نقصانات میں کمی لائی گئی۔

سفیر بلوم نے گوادر بندرگاہ کا دورہ بھی کیا اور پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین پسند خان بلیدی سے ملاقات میں بندرگاہ کی آپریشنز اور ترقیاتی منصبوں، گوادرکے علاقائی تجارتی مرکز بننے کی استعداد، اور اسے پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی یعنی امریکہ سے منسلک کرنے کے طریقوں پر بات چیت کی۔