اسمگلنگ کے نام پر سرحدی کاروبار کی بندش کسی طور قبول نہیں۔ ہدایت الرحمان بلوچ

363

حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کے نام پر سینکڑوں سالوں سے سرحدی کاروبار کی بندش کسی طور قبول نہیں۔ بلوچستان کے لاکھوں لوگوں کا گزر بسر اسی بارڈر سے منسلک ہے جس کی بندش لاکھوں افراد کو بے روزگار کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کاروائی کرنی ہے تو منشیات، کرپشن، مہنگائی اور ظلم و جبر کے خلاف کی جائے تاکہ ملکی معیشت مستقل طور پر حل ہو۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ داروں نے اس ملک کو لوٹ کر اپنے لئے اربوں کھربوں کی جائیدادیں بنا لی ہیں، انکی جائیدادیں ضبط کرکے قومی خزانے میں جمع کی جائیں تو ملک ترقی کرے گی، باڈر کی بندش سے افراتفری اور بے روزگاری بڑھے گی۔

انکا کہنا تھا کہ حق دو تحریک سرحدی کاروبار پر بندش کے خلاف شدید احتجاج کرے گی اور پرامن جدوجہد کے ذریعے روزگار کا دفاع کیا جائیگا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ حسین واڈیلہ اور ضلع کیچ کے تنظیمی ذمہ داران موجود تھے۔