آرٹسٹ و صحافی شاہینہ شاہین کی تیسری برسی، قاتلوں کی گرفتاری اور انصاف کا مطالبہ

148

بلوچستان کی خاتون آرٹسٹ اور صحافی شاہینہ شاہین کی تیسری برسی پر انکے نام سے منصوب آرٹ اکیڈمی تربت میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی و سماجی رہنماوں نے شرکت کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور انکے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔

تقریب میں انکی زندگی اور خدمات پر اظہار خیال کیا گیا جبکہ انکی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ تین سال قبل 5 ستمبر 2020 کو تربت میں انکے شوہر محراب گچکی انہیں بیدردی سے قتل کرکے سول ہسپتال میں چھوڑ کر چلا گیا، جسکے ردعمل میں لواحقین نے تربت سمیت کوئٹہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کیئے ہیں اور بارہا انتظامیہ سے ملاقاتیں و مذاکرات ہوئے ہیں مگر تین سال گزرنے کے باوجود انہیں انصاف نہیں ملا اور قاتل آج بھی آزاد ہے۔

نظام عدل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ شاہینہ شاہین جیسی فنکار اور لکھاری برسوں میں پیدا نہیں ہوتے، انکا قتل فن، آرٹ اور صحافت کا قتل ہے۔ انہیں انصاف نا ملنا نظام پر بہت بڑا سوال کھڑا کردیتا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر انتظامیہ اور حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ شہید شاہینہ شاہین کے قاتل کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔