کوئٹہ: پاکستانی فورسز کے کیمپ پر قبضہ، متعدد اہلکار ہلاک

2103

کوئٹہ میں پاکستانی فورسز کے کیمپ پر مسلح افراد نے حملے کے بعد قبضہ کرلیا، حملہ آور فوجی ساز و سامان اپنے ہمراہ لے گئے۔ حملے میں متعدد فورسز اہلکاروں کے ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ فورسز نے تین حملہ آوروں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاکستانی فورسز کے کیمپ پر حملہ کوئٹہ کے نواحی علاقے ولی تنگی میں گذشتہ روز شام کے وقت کیا گیا۔

ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ مسلح افراد کی بڑی تعداد نے پوسٹ پر حملہ کیا اور حفاظتی چوکیوں کو اپنے قبضے میں لیا۔

حملہ آور نے فورسز کے عسکری ساز و سامان پر بھی قبضہ کیا اور رات کے وقت نامعلوم سمت فرار ہوگئے۔

پاکستانی عسکری حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں صوبیدار قیصر رحیم ہلاک اور تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں تاہم آزاد ذرائع کے مطابق فورسز اہلکاروں کو بڑے پیمانے پر جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

حکام نے دعویٰ کیا کہ حملہ آوروں میں سے تین افراد بھی فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے ہیں۔

دریں اثناء آج صبح ولی  تنگی و گردنواح میں پاکستان فوج کی گن شپ ہیلی کاپٹروں نے مختلف مقامات پر شیلنگ کی تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات موصول نہیں ہوسکی۔

ماضی میں بلوچ مسلح آزادی پسندوں کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز کے کیمپس پر حملہ کرکے قبضے میں لیا گیا ہے جن میں فورسز کو بڑے پیمانے پر جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

تاہم مذکورہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔