ڈگری کالج کوئٹہ میں بی ایس کلاسز کو بند کرنا تعلیم دشمنی ہے۔ ڈاکٹر مالک بلوچ

310

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے طارق بلوچ صدر بی پی ایل اے کی قیادت میں ملاقات کی۔

وفد میں پرفیسر امجد حسین پروفیسر اقبال سمالانی پروفیسر فاروق کبدانی شامل تھے۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں جدید سائنسی اور تحقیقی مضامین پڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ شنید میں آیا ہے کہ پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج کوئٹہ میں بی ایس کی کلاسز ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جس کے باعث طلبا سراپا احتجاج ہیں اس قسم کے تعلیم دشمن غیرمنطقی فیصلوں کی اجازت نہیں دینگے، چیف سیکریٹری بلوچستان کو چاہیے کہ اس قسم کے اقدامات کی روک تھام کریں۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ پروفیسرز معاشرہ میں پالیسی سازی کا کردار ادا کرتے ہوئے جدید اور خوشحال سماج کی تشکیل کرتے ہیں، اس حوالے سے ہمیں پروفیسرز کے تعاون و معاونت کی ہر قدم پر ضرورت ہوتی ہے، امید ہے وہ اپنی علمی اور تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر بلوچستان میں تعلیمی صورتحال کو بہتر کرنے کالجز اور اسکولوں کی حالت کو بہتر بنانے اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔