پاکستان میں روسی سیاحوں کو ہراساں کرنے کا واقعہ

3368

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں غیرملکی سیاحوں کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

روسی سیاح جوڑے نے الزام عائد کیا ہے کہ ’26 اگست کو انہیں جمرود میں پولیس کی جانب سے روکا گیا تھا اور خاتون کی تصویریں کھینچینے کی کوشش کی گئی، پولیس کے رویے کی وجہ سے خاتون سیاح رو پڑیں۔

ترجمان ٹوارزم اتھارٹی سعد بن اویس کے مطابق خیبر پولیس نے سیاحوں کو واپس کر دیا تھا، پولیس کے مطابق سیاح افغانستان جانا چاہتے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور سیکریٹری ٹوارزم نے ہوم ڈیپارٹمنٹ سے تفصیلات مانگ لی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش میں ایف آئی اے کو شامل کر لیا گیا ہے، پولیس کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب ڈی پی او خیبر سلیم عباس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے غیر ملکی سیاحوں کے معاملے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ڈی پی او کے مطابق غیرملکی سیاح کو پولیس سیکیورٹی میں بحفاظت طورخم لے جایا گیا اور بعد میں بحفاظت واپس پشاورلایا گیا۔