وڈھ میں جنگ کے باعث مرکزی شاہراہ پر سفر مشکل، علاقے میں کاروبار زندگی مفلوج ہے، آل پارٹیز

1046

جمعیت علماءاسلام پاکستان کی جانب سے وڈھ کی مخدوش صورتحال پر حب میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پی ٹی آئی، تحریک لبیک اور جام گروپ کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماءاسلام پاکستان کے مرکزی کونسل کے رکن حافظ احمد علی، حافظ منصور مینگل، تحریک لبیک کے مولانا منصور احمد، تحریک انصاف کے علی احمد زہری و دیگرنے کہا کہ وڈھ کی مخدوش صورتحال پر ہمیں افسوس ہے وڈھ میں کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے دونوں فریقین کی مورچا بند ہونے سے شاہراہ پر آنا جانا بھی مشکل ہوگیا ہے دونوں فریقین ہمارے لئے قابل احترام ہیں کسی بھی مسئلے کا حل جنگ سے نہیں ہے صلح میں خیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے حکومت کوئی کردار ادا نہیں کررہی ہے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر داخلہ بلوچستان سے ہیں مگر وڈھ کی صورتحال پہ خاموش ہیں وڈھ کی موجودہ صورتحال سے پورے بلوچستان میں تشویش کی لہر ہے حکومت چاہے تو یہ مسئلہ فورا حل ہوسکتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہم آل پارٹیز کے پلیٹ فارم سے وڈھ کے دونوں قبائلی شخصیات سردار اخترجان مینگل اور میرشفیق الرحمن مینگل سے درخواست کرتے ہیں کہ مہربانی کرکے آپس میں صلح کریں اور وڈھ کے عوام پر رحم کریں کشیدگی کی وجہ سے وڈھ بازار جو پہلے آباد تھا اب کھنڈرات میں تبدیل ہورہا نواب اسلم رئیسانی کی کوششوں کو ہم سراہتے ہیں مگر ہم وفاقی اور صوبائی حکومت سے اپیل کرتے ہیں وڈھ کی حالت پہ رحم کریں اور مسئلے کے حل کے لئے کردار ادا کریں۔