پاکستان فورسز کے کیمپ کو مسلح افراد نے راکٹوں و دیگر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔
بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے جوہان میں شاہ مردان کے مقام پر قائم پاکستانی فورسز کے کیمپ پر مسلح افراد کی بڑی تعداد نے گذشتہ رات حملہ کیا۔
ذرائع کے مطابق فورسز کیمپ پر مختلف اطراف سے راکٹوں و دیگر ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔
حکام نے حملے کے نتیجے میں نقصانات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے تاہم کیمپ کے گردنواح میں فورسز اہلکاروں کو گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح قلات میں بھی بلوچ آزادی پسند تنظیمیں متحرک ہیں جہاں فورسز کو مختلف نوعیت کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
رواں مہینے قلات، جوہان کراس پر مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے دو اہلکاروں کو اس وقت فائرنگ کرکے ہلاک کیا جب وہ بازار سے ادویات و دیگر سودا سلف لینے کے بعد موٹر سائیکل پر اپنے کیمپ جارہے تھے۔
مذکورہ حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔ تنظیم کے ترجمان جیئند بلوچ نے بیان میں کہا کہ مذکورہ اہلکار جوہان کیمپ پر بی ایل اے کے حملے میں زخمی اہلکاروں کیلئے ادویات لیجارہے تھے کہ اطلاع ملنے پر سرمچاروں نے ان کو نشانہ بنایا۔
آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔