زہری میں پاکستانی فورسز و خفیہ اداروں نے گھروں پر چھاپوں کے دوران تین افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، دو افراد بازیاب جبکہ ایک تاحال لاپتہ ہے۔
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں 18 اگست کی رات پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے چار مقامات پر چھاپے مارے۔
ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ فورسز نے حفیظ ولد محمد امین سکنہ سنگین کو مذکورہ رات تین بجے گھر پر چھاپہ مار کر اپنے ہمراہ لے گئے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ چودہ کے قریب گاڑیوں میں پاکستانی فورسز ایف سی اور سادہ کپڑوں کے ملبوس اہلکاروں نے علاقے کے گھیرے میں لیکر گھر پر چھاپہ مارا۔
اسی رات پاکستانی فورسز ایف سی اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے شفیع کالونی میں گھر پر چھاپہ مار کر رزاق جتک کو انکے بیٹے منان جتک کے ہمراہ حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تاہم دوسرے روز انہیں رہا کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے حفیظ تاحال لاپتہ ہے جبکہ اس حوالے سے پولیس کے پاس ایف آئی آر بھی درج کی جاچکی ہے۔