خضدار: طلباء کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج

271

خضدار بوائز ڈگری کالج کے طلباء نے اپنے مطالبات کے حق میں ڈگری کالج خضدار سے پریس کلب تک ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔

ریلی میں شامل طلباء نے اپنے مطالبات چارٹس پر لکھ رکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہیں، ڈگری کالج ایف ایس سی طلباء کے احتجاج میں سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کے نمائندوں نے شرکت کرکے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

ریلی پریس کلب خضدار کے سامنے پہنچ کر طلباء اور ایس ایس ایف نمائندوں نے مسائل کی نشاندھی سمیت زمہ داران سے انکو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کے حوالے سے خطاب کیا۔

طلباء کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے تمام کالجز میں حالیہ فرسٹ ایئر کے داخلہ جات مکمل ہونے کے بعد ڈائریکٹر آف کالجز کی جانب سے یکم اگست کو داخلہ فیس بڑھانے کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے، اگر فیس بڑھانی تھی تو داخلوں کے اجراء کے وقت اس پر عمل کیا جاتا ابھی داخلوں کے بعد دوبارہ فیس بھرنے، چالان وغیرہ سے ہماری اکیڈمک سرگرمیاں متاثر ہونے سمیت کئی طلباء کو مالی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اضافی فیس کے سلسلے میں داخلہ جات کے بعد جاری کردہ نوٹیفیکیشن واپس لے کر طلباء کی ذہنی کوفت دور کی جائے، کالج ہذا کی ٹرانسپورٹ بحال کی جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے طلباء بر وقت کالج پہنچ کر اپنی مکمل کلاسز لے سکیں، ہاسٹل میں مقیم طلباء کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، کالج ہذا میں اکیڈمک و دیگر ایکسٹرا کریکولر سرگرمیاں بحال کرنے سمیت ریگولر طلباء کی کمیٹی بناکر اس کو با اختیار بنایا جائے مزید ان سرگرمیوں کی مد میں فیس و بجٹ ان سرگرمیوں پر استعمال کیا جائے اور بی ایس پروگرامز میں توسیع کرنے سمیت ہر مضمون کے لیکچرز کی کلاسز کا اجراء یقینی بنایا جائے۔