بلوچستان: وزیراعلیٰ نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے

310
فائل فوٹو

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری  گورنر بلوچستان کو بھیج دی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائزی پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد اس سمری کو گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ کو بھیج دیا گیا۔ جن کی منظوری کے بعد صوبائی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔

اس سے قبل گذشتہ شب وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی ایڈوائزری منظورکرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ایڈوائس پر سندھ اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔

گذشتہ شب اپنے ایکس اکاؤنٹ(سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ کہ ’سندھ کی صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔‘

 گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ’جیسا کہ وزیر اعلیٰ کی ایڈوائس اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 112 کی شق (1) کے تحت مجھے دیے گئے اختیارات کے استعمال اور دیگر دفعات کے تحت میں گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری بروز جمعہ، 11 اگست بوقت رات 9 بجے سندھ کی صوبائی اسمبلی کو تحلیل کرتا ہوں۔

سندھ اسمبلی کو بھی قومی اسمبلی کی طرح اپنی مدت سے پہلے تحلیل کیا گیا ہے۔ سندھ اسمبلی چار سال 11 ماہ اور 29 دن قائم رہی۔

نو اگست کو قومی اسمبلی اور 11 اگست کو سندھ اسمبلی کی تحلیل کے بعد بلوچستان اسمبلی کی تحلیل سے پاکستان میں عام انتخابات سے قبل اسمبلیوں کی تحلیل کا عمل مکمل ہو جائے گا۔