بلوچستان: فائرنگ و روڈ حادثات میں 6 افراد جانبحق، 17 زخمی

216
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آج پیش آنے والے فائرنگ و ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 6 افراد جانبحق ہوگئے جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے ہیں-

تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام خضدار سے تیس کلومیٹر کے فاصلے پر ایم 8 شاہراہ زیدی کے قریب بے قابو مسافر ویگن نے روڈ کنارے کھڑے موٹرسائیکل سوار محمد نواز، حافظ نذیر اور مولابخش نامی تین افراد کو کچل ڈالہ جو موقع پر ہی جان کی بازی ہارگئے-

جبکہ حادثے کے نتیجے میں ویگن میں موجود دس افراد زخمی ہوئے ہیں-

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع حب چوکی کے تحصیل وندر میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹوڈی کار اور ٹرالر کے مابین تصادم کے باعث ٹوڈی کار میں سوار شوکت علی، امان اللہ اور صدام دین ولد ولی خان زخمی ہوگئے۔ جن میں سے صدام دین ولد ولی خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

حادثے کے دیگر دو زخمیوں کو وندر میں طبی امداد کی فراہمی کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی ریفر کر دیا گیا ہے-

ادھر پسنی میں کلگ کراس کے مقام پر ڈمپر گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوارانور ولد موسیٰ نامی شخص موقع پر جانبحق جبکہ نور محمد ولد گل محمد نامی شخص زخمی ہو گیا۔

ریسکیو حکام نے لاش اور زخمی کو فوری طوپر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے-

مزید بلوچستان کے دو مختلف اضلاع میں فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں-

بلوچستان کے علاقے جیکب آباد سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق تھانہ مبارکپور کی حدود میں واقع گاؤں گل پسندبنگلانی کے رہائشی 30 سالہ نوجوان گلاب بنگلانی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے-

اطلاع پر حدود کی پولیس نے پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر ضروری کاروائی کے بعد ورثہ کے حوالے کردیا، پولیس کے مطابق واقعہ سیاہ کاری کی بنا پر پیش آیا ہے واقع کی مزید تفتیش کی جارہی ہے-

دریں اثناء حب چوکی ہائیٹ تھانے کے قریب معمولی تکرار کے بعد دو گروہوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 4افراد زخمی ہو گئے جن میں اقبال، نو ر محمد، امان اللہ اور نیک محمد نامی شامل ہیں-

فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو سول اسپتال حب منتقل کردیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے واقعہ میں کسی قسم کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی ہے-