بارکھان گرلز کالج کی بندش انتظامی نااہلی اور طالبات کو تعلیم سے محروم رکھنا ہے، بساک

143

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بارکھان گرلز کالج کی مہینوں سے بندش اور انتظامیہ کی نااہلی بلوچ قوم کو تعلیم سے دور رکھنے کی پالیسیوں کا تسلسل ہے، ضلع بارکھان جو کہ خواندگی کے حوالے سے بہت پیچھے ہے اور پورے بارکھان میں تعلیم حاصل کرنے کا واحد ذریعہ یہی ایک ادارہ ہے مگر بدقسمتی سے یہ ادارہ طالبات کو تعلیم مہیا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔

مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں چند ہی اعلیٰ تعلیمی ادارے ہیں مگر بدقسمتی سے وہ بھی انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے زیادہ تر بند رہتے ہیں جس کی وجہ سے طلباءو طالبات اپنا تعلیمی سفر جاری نہیں رکھ پاتے ، بارکھان گرلز کالج پورے ضلع کا واحد ادارہ ہے جہاں تقریباً تین سو سے زیادہ طالبات زیر تعلیم ہیں اور ادارے کے بند ہونے کی وجہ سے ان طالبات کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے جو کہ انتہاہی تشویشناک ہے، ہم ضلع انتظامیہ و دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بارکھان گرلز کالج کی فعالیت کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے بصورت دیگر تنظیم اس کے خلاف سخت احتجاجی عمل کا راستہ اختیار کرے گی۔