قلات، مستونگ: فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک

230

بلوچستان کے ضلع قلات اور مستونگ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قلات کے علاقے منگچر جوہان کراس بازار میں گذشتہ رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔

لیویز کے مطابق مذکورہ شخص مخبوط الحوس شخص تھا جو کئی سالوں سے جوہان کراس بازار میں تھڑوں پر رہتا تھا۔ لیویز فورس نے موقع پر پہنچ کر لاش ہسپتال منتقل کر دیا۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں یوسف ولد شیر محمد نامی شخص کو گھر کے قریب چوروں نے روکنے کی کوشش کی جس پر موٹر سائیکل سوار نے چوروں کے ساتھ ہاتا پائی کی، اس دوران چوروں نے ان پر فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے مذکورہ شخص زخمی ہوا تاہم ہسپتال میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ چور اپنی موٹر سائیکل جائے وقوعہ پر چھوڑ کر مقتول کی موٹر سائیکل لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔