کوئٹہ: نوجوان کوہ پیما پہاڑوں میں لاپتہ ہوگیا

352

جمعہ کے روز کوئٹہ کے علا قے پشتون آباد سے تعلق رکھنے والا نوجوان کوہ پیما پہاڑوں میں لاپتہ ہوگیا ہے ۔

جس کی بازیابی کے لئے پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیموں اور اسٹاف کا آپریشن جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے ٹیم کی جانب سے ڈرون کیمرہ کے ذریعے بھی خصوصی نگرانی کی جارہی ہے،ریسکیو آپریشن کی نگرانی کیلئے ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان ٹیم کے ہمراہ پہنچے جبکہ ڈائریکٹر فیصل پانیزئی اور فیصل طارق بھی جائے وقوعہ پرموجود تھے ۔

اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان نے عوام سے گزارش کی ہے کہ حکومتی احکامات کی پابندی کریں ۔

انہوں نے کہاکہ لاپتہ نوجوان کے والدین جس کرب سے گزر رہے ہیں اسکا بخوبی اندازہ ہے،پی ڈی ایم اے کی ریسکیو فورس سمیت تمام ٹیمیں نوجوان کو ڈھونڈنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں ۔

جہانزیب خان نے کہا کہ ہم تین دنوں سے مون سون کے حوالے سے بھی الرٹ جاری کر رہے ہیں مون سون کا سیزن ہے،پہاڑیوں،پکنک مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ آج ہائے کنگ ٹیموں کے ہمراہ دوبارہ ریسکیو آپریشن شروع کریں گے کہیں بھی جائیں تو اس سے متعلق ضروری اقدامات کی پابندی لازمی کریں۔