فلسطینی گروہ اسرائیلی حملوں کے خلاف یکجا ہو جائیں۔ محمود عباس

106

فلسطینی صدر محمود عباس نے مصر میں ہونے والے قومی مفاہمتی کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں 2007 کی بغاوت نے فلسطینیوں کو ایک نئی تباہی میں ڈال دیا ہے۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے مصر میں ہونے والے قومی مفاہمتی کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں 2007 کی بغاوت نے فلسطینیوں کو ایک نئی تباہی میں ڈال دیا ہے ۔

صدر عباس کا اشارہ سن2007ء میں حماس اور تحریک فتح کے درمیان سیاسی محاذ آرائی کی طرف تھا جس کے بعد حماس نے غزہ سے تحریک فتح کو نکال باہر کرتے ہوئے اپنی حکومت قائم کر لی تھی جب کہ غرب اردن میں تحریک فتح نے حماس کو حکومت سے بے دخل کر دیا تھا۔

اس کے بعد اب تک دونوں فریقوں کے درمیان مفاہمت کی کئی کوششیں ہو چکی ہیں مگر ابھی تک وہ غیر مؤثر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تقسیم ختم ہونی چاہیے ، تنظیم آزادی فلسطین عوام کی واحد نمائندہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی پرامن مزاحمت ہماری جدوجہد کو جاری رکھنے کا بہترین طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جلد از جلد انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں مگر اس کے لیے شرط یہ ہے کہ یہ مشرقی القدس میں بھی ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مصر کے شہر العلمین میں ہونے والے فلسطینی دھڑوں کے اجلاس میں ایک درجن کے لگ بھگ فلسطینی گروپوں نے شرکت کی۔

اس اجلاس کا مقصد فلسطینیوں کے درمیان پائی جانے والی تقسیم کے خاتمے اور فلسطینی صفوں کو متحد کرنے پر تبادلہ خیال کرنا اور اسرائیلی پالیسیوں کا مل کر مقابلہ کرنے کے ساتھ فلسطینی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا تھا۔