سردار اختر مینگل کے گھر پر راکٹوں اور مارٹر گولوں سے حملے کیے جارہے ہیں۔ آغا حسن بلوچ

454

بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما اور رکن پاکستان اسمبلی آغا حسن بلوچ نے اسلام آباد میں دیگر رہنماﺅں وفاقی وزیر ہاشم نوتیزئی، صوبائی اسمبلی کی رکن شکیلہ نوید دہوار اور دیگر کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج بلوچستان میں ایک یزیدیت برپا ہے، وڈھ کی کشیدہ صورتحال کے ذمے دار چند لوگ ہیں، ایک ایسا بندہ جو یونین کونسل کا انتخاب بھی نہیں جیت سکتا، وہ سردار اختر مینگل کے گھر اور قبیلے پر حملہ آور ہے۔

انہوں نے کہا کہ سردار اختر مینگل کے گھر پر راکٹوں اور مارٹر گولوں سے حملے کیے جارہے ہیں۔ فرقہ واریت پھیلانے والوں اور مظلوم انسانوں کو مارنے والوں کی تحویل میں آج بھی 20 کے قریب لوگ ہیں۔ ان کے ٹارچر سیلز جن میں چار خواتین بھی شامل ہیں جن میں سے ایک خاتون تشدد کے باعث فوت ہوگئی، وڈھ میں جدید ہتھیار کہاں سے آئے، گزشتہ رات سے وڈھ میں جس طرح بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے ایسا لگتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والوں کی کوئی رٹ موجود نہیں۔

انہوں نے کہاکہ وڈھ میں مسلح جتھوں کے ذریعے بے امنی پھیلائی جارہی ہے، مسلح جتھوں کے سربراہ کے اشارے پر قتل و غارت کرائی جارہی ہے۔