خضدار میں طلباء کے ساتھ سلوک قبضہ گیریت کی واضح نشانی ہے۔ بی ایس او آزاد

121

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے خضدار یونیورسٹی کے طالب علموں کے ساتھ رویے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے تعلیمی حقوق کیلئے احتجاج پر بیٹھے طلباء کے خلاف ریاستی فورسز کا بروقت عمل میں آنا اور بلوچ طالب علموں کو ڈرانا دھمکانا اور انہیں دن دہاڑے تشدد کا نشانہ بنانا بلوچ زمین پر قبضہ گیریت کی نشاندہی اور طلبہ کو زیر کرنے کی کوشش کو واضح کرتی ہے۔ غلام قوم سے وابستہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت ہمیشہ قبضہ گیر کیلئے پریشان کن ہوتی ہے کیونکہ جب غلام قوم کے نوجوان پڑھ لکھ کر سوچنے لگتے ہیں تو انہیں اپنی غلامی اور ریاستی قبضہ کا بخوبی علم ہو جاتا ہے۔ خضدار میں جس طرح بلوچ طلباء کے سلوک روا رکھا جا رہا ہے یہ قبضہ گیریت کی واضح نشانی اور بلوچ طلباء کو خوفزدہ کرنے کی منظم سازش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جہاں پاکستان کے دیگر تعلیمی اداروں میں ریاستی ایجنسیاں مختلف ہتھکنڈوں سے بلوچ طلباء کی پروفلئنگ اور انہیں خوفزدہ کرنے کیلئے مخلتف ہتکھنڈے استعمال کرتے ہیں وہیں بلوچستان میں تعلیمی ادارے مکمل طور پر فوج اور ایجنسیوں کے قبضے میں ہیں اور انہی کے ڈائریکشن میں چھوٹے بڑے فیصلے لیے جاتے ہیں اس لیے بلوچستان کے یونیورسٹیز میں طلباء کی جبری گمشدگیوں جیسے سنگین مسائل سے لیکر طلباء کی پروفائلنگ انہیں ڈرانا دھمکانا اور ان کو تشدد کا نشانہ بنانا حتی کہ اپنے تعلیمی حقوق کیلئے اٹھنے والے احتجاجی تحریکوں کو بھی ریاستی تشدد سے ناکام کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ بلوچستان کے اکثر یونیورسٹیز میں آرمی اور ایف سی کے اہلکار باقاعدہ طور پر تعینات ہیں اور تمام یونیورسٹیوں ان کے زیر کنٹرول کام کر رہے ہیں۔ گوادر یونیورسٹی اس کی سب سے بڑی مثال ہے جہاں ہر شعبے میں ایجنسیوں نے اپنے بندھے بیٹھائے ہوئے ہیں اور طلباء خوف کے عالم میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور بنائے گئے ہیں۔ قبضہ گیر کے ان رویوں کا بنیادی مقصد طلباء کو شعوری و علمی تعلیم سے دور کرکے انہیں بینکنگ نظام ایجوکیشن کے ماتحت تعلیم دینے کی کوشش شامل ہے جہاں شعوری ذہن کے بجائے ایسے رٹا مشین ذہن بنائے جائیں جو صرف اپنے مفادات اور ریاستی بربریت کی تحفظ کریں لیکن بلوچ نوجوانوں کو ان ریاستی سازش کا علم رکھ کر قومی و شعوری تعلیم پر توجہ دینا چاہیے۔ قبضہ گیر کے نفسیات میں غلام قوم کے نوجوانوں کے ساتھ اس طرح کے جابرانہ رویے شامل ہیں۔

ترجمان نے بیان کے آخر میں خضدار اور بلوچستان سمیت پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے بلوچ طلباء کے ساتھ غیر انسانی و غیر اخلاقی ریاستی رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے تنظیموں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بلوچ طلباء کے حقوق کی تحفظ کی زمہ داری لیتے ہوئے انہیں ریاستی جبر اور وحشت سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستانی فورسز کی موجودگی میں بلوچ طلباء کے زندگیوں کی شدید خطرہ لاحق ہے۔