پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں صبح سات بجے پاکستانی فورسز نے ہاسٹل پر چھاپہ مارکر زیر تعلیم دو نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کرکے لاپتہ کردیا ہے۔
لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کی شناخت جواد ولد اقبال سکنہ سنگانی سر، تربت اور زید ولد عبدالرسول سکنہ پسنی، گوادر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
جبری لاپتہ زاہد آربٹ کالج اسلام آباد سے حال ہی میں فارغ ہوکر قائد اعظم یونیورسٹی میں داخلے کیلئے رجوع کیا تھا جبکہ جواد قائد اعظم یونیورسٹی میں الیکٹرانکس ڈیپارٹمنٹ میں زیر تعلیم ہے۔
خیال رہے کہ بلوچ طالب علموں کی جبری گمشدگی کے واقعات پاکستان بھر سے رپورٹ ہوتے رہے ہیں اس سے قبل بھی اسلام آباد اور دیگر شہروں سے پاکستانی فورسز متعدد بلوچ طالب کو حراست میں لے کر لاپتہ کرچکے ہیں۔
بلوچستان میں حالیہ دنوں جبری گمشدگیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے کیخلاف آج وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے۔