آواران: ایک شخص حراست بعد لاپتہ، تین افراد بازیاب

499

بلوچستان کے ضلع آواران سے اطلاعات ہیں کہ ایک شخص کو جبری گمشدگی کے بعد لاپتہ کردیا گیا ہے، جبکہ تین افراد پاکستانی فورسز کے حراست سے بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔

لاپتہ ہونے والے شخص کی شناخت محمد عظیم ولد محمد فضل کے نام سے ہوئی ہے۔ جو آواران کے علاقے زیارت ڈن کا رہائشی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کو نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کرنے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔ جبکہ اغواء کاروں کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ ان کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروپ سے ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان بھر میں پاکستان فوج نے متعدد مسلح گروپ تشکیل دی ہوئی ہے، جنہیں حرف عام میں ڈیتھ اسکواڈ کہتے ہیں، قوم پرستوں کا کہنا مذکورہ گروپ بلوچوں کے اغواء اور دیگر سماجی برائیوں میں ملوث ہیں۔

دوسری جانب آواران سے ہی اطلاعات ہیں تین افراد پاکستان فورسز کے عقوبت خانوں سے بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔

بازیاب ہونے والوں میں واحد ولد کریم بخش، امداد ولد ابراہیم اور الیاس ولد ابراہیم شامل ہیں۔

بازیاب ہونے والوں میں سے واحد اور امداد کو دلبود نامی شخص کے ہمراہ فورسز نے سترہ جولائی 2023 کو حراست میں لیا تھا واحد اور امداد آج بازیاب ہوئے ہیں تاہم دلبود تاحال لاپتہ ہے۔

جبکہ الیاس کو گذشتہ سال ستمبر کے مہینے میں مشکے کے علاقے گجر سے فورسز نے حراست میں لیا تھا۔