یونان: تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے سو افراد ہلاک پانچ سو سے زیادہ لاپتہ

239

یونان کے سمندر میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یونان کے قریب سمندر میں تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی جس میں 500 سے زائد افراد سوار تھے۔ کشتی غیر قانونی تارکین وطن کو سمندر کے ذریعے لیبیا سے اٹلی لے کر جا رہی تھی۔

ڈوبنے والی کشتی میں مصر، شام، پاکستان اور افغانستان کے شہری موجود تھے۔ ڈوبنے والے 100 سے زائد افراد کو ریسکیو اہلکاروں نے بچا لیا جبکہ سینکڑوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

حکام کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے یونان کے علاقہ کلمتا کے قریب حادثہ پیش آیا اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ متاثرہ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ریسکیو آپریشن میں فوجی طیارے، ہیلی کاپٹر اور 6 کشتیوں سے مدد لی جا رہی ہے۔

ترجمان کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ حادثہ بحیرہ آیونی میں پیش آیا تھا اور ڈوبنے والے کسی بھی شخص نے لائف جیکٹ نہیں پہنی ہوئی تھی۔ حادثے کی شکار کشتی کے تارکین وطن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔