طوفان بپر جائے: بھارتی ریاست گجرات میں دو ہلاکتیں، 940 دیہات بجلی سے محروم

95

سمندری طوفان بپر جائے جمعرات کی شام بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرایا تھا جس کے بعد ہونے والی شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں کئی دیہات کو نقصان پہنچا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ رپورٹ کر رہے ہیں کہ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث حادثات کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوئے ہیں۔

آندھی اور جھکڑ چلنے کے نتیجے میں متعدد درخت زمین سے اکھڑ گئے جب کہ برقی کھمبے گرنے کے باعث 940 دیہات بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

بحیرۂ عرب میں بننے والے طوفان بپر جائے کے گجرات پہنچنے سے قبل ہی ساحلی علاقوں میں آباد ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا تھا۔ طوفان کے گجرات کے ساحلی علاقوں کچھ اور سراشٹرا سے ٹکرانے کے بعد تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ریاستی عہدیداروں کا کہناہے کہ تیز ہواؤں کے نتیجے میں مختلف مقامات پر 500 سے زائد درخت گر چکے ہیں جب کہ 940 دیہات میں بجلی کی فراہمی منتقطع ہے۔

طوفان نے گجرات میں ریل سروس کو بھی متاثر کیا ہے۔ ویسٹرن ریلوے کا کہنا ہے کہ ریاست بھر میں چلنے والی 99 ٹرینیں جمعے کو بھی معطل رہیں گی جب کہ جام نگر ایئرپورٹ پر کمرشل پرازوں کو بھی جمعے تک معطل کیا گیا ہے۔

بھارتی محکمۂ موسمیات نے اپنے تازہ ترین الرٹ میں بتایا ہے کہ جمعے کی شام تک طوفان کی شدت میں آہستہ آہستہ کمی آ جائے گی۔

محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مروتنجے موہاپترا کے مطابق بپر جائے ملک کے شمال مغربی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے نتیجے میں راجستھان میں جمعے اور ہفتے کو شدید بارشوں کا امکان ہے۔

پاکستان میں طوفان شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے ‘این ڈی ایم اے’ کے مطابق سمندری طوفان بپر جائے کیٹی بندر سے 125 کلو میٹر جنوب مغرب میں ہے۔

این ڈی ایم اے نے توقع ظاہر کیا ہے کہ طوفان پہلے کمزور ہو کر سائیکلونک طوفان اور پھر آج شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میرپور خاص اور عمر کوٹ کے اضلاع میں 17 جون تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔