تربت: ڈینگی وائرس نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

85

تربت شہر سمیت ضلع کیچ میں ڈینگی وائرس کے سبب جہاں لاتعداد افراد متاثر ہوئے ہیں وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق شاہی تمپ کے رہائشی کمسن ظاہر ولد زاہد علی کراچی میں دوران علاج جمعہ کو انتقال کرگئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں ڈینگی وائرس کی تشخیص کے سبب تربت کے اسپتال لے جایا گیا جہاں ناکافی علاج کی سہولت کے باعث انہیں کراچی لے جاکر نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا لیکن دوران علاج وہ وفات پا گئے۔

واضح رہے کہ تربت میں اب تک ڈینگی وائرس کے باعث تین ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی ہیں جن میں گوگدان سے تاج محمد ولد لعل محمد، کوشقلات کے رہائشی بیوروکریٹ سابق ایکسئین اخترعلی اور نوجوان زاھر زاھد شامل ہیں۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ڈینگی وائرس سے ضلع کیچ میں ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے مگر بیشتر کیسز رپورٹ نہیں ہوئی ہیں۔

ٹیچنگ اسپتال تربت کے ایم ایس کے مطابق ہسپتال میں روزانہ رجسٹر کیسز کی 45 فیصد ڈینگی وائرس کے مریضوں کی ہیں۔

ٹیچنگ اسپتال تربت میں کم و بیش روزانہ 2 ہزار مریضوں کی او پی ڈی ہوتی ہے۔