کوئٹہ: جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج جاری

89

کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا احتجاجی کیمپ آج 5054 ویں روز جاری رہا۔

اس موقع نیشنل پارٹی کے سابقہ ضلعی صدر حاجی نیاز محمد لانگو، میر غفار قمبرانی سمیت دیگر نے آکر لواحقین سے اظہار یکجہتی کی۔

تنظیم کے وائس چئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ جبری گمشدگیوں میں اضافہ ہوا ہے اور فوجی آپریشن بدستور ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 1948سے لیکر بلوچستان کے الحاق تک اور تب سے لیکر اب تک بلوچ قوم پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ ریاست اپنے بچاؤ اور تحفظ کے لئے ہمیشہ اس دھرتی کا استعمال کیا وہ راسکوہ کے کہساروں پر ایٹمی دھماکہ کی شکل میں ہو یا بڑے پیمانے پر فوجی چھاونیوں کی شکل صورت میں ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہوکر قوم اور وطن کی حفاظت کے لئے جدوجہد کرنا ہوگا، اس وقت بلوچ قوم بدترین دور سے گذر رہی ہے اس مشکل دور میں یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔