کراچی: چینی باشندوں پر حملے کو ناکام بنایا، کراچی پولیس

606

کراچی کے علاقے ملیر میں پولیس نے ایک چینی باشندے پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک حملہ آور کو مارنے کا دعوی کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملیر کے علاقے میں کارروائی کے دوران ایک حملہ آور مارا گیا جس نے چینی باشندوں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی جبکہ اس سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔‘

ایس ایس پی ملیر حسن سردار نیازی کے مطابق: ’آج صبح نو بجے دو حملہ آوروں نے چینی کمپنی ہانگ کانگ داؤد جیٹی میں گھسنے کی کوشش کی ہے جو نالے کے راستے یہاں تک پہنچے تھے اور بحری جہازوں کی مرمت کے مقام پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

’ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور مارا گیا۔‘ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ دوسرا فرار ہو گیا جبکہ ان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل اکرم علی کی ٹانگ میں گولی لگی ہے۔

زخمی کانسٹیبل اکرم کو ہسپتال روانہ کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ایس ایس پی ملیر نے مزید بتایا کہ حملہ آور نے خود کش جیکٹ پہنی ہوئی تھی جسے ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ قتل کیے جانے والے حملہ آور کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ حسن سردار نیازی نے بتایا کہ پولیس فرار ہونے والے حملہ آور کو تلاش کر رہی ہے۔