بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی کابینہ کا دوسرا اجلاس چیئرمین ڈاکٹرنسیم بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پارٹی امور، بلوچستان ، خطے اور عالمی سیاسی صورت حال و عالمی طاقتوں کی رسہ کشی پر شرکاء نے تفصیلی بحث ومباحثہ کیا۔
کابینہ میٹنگ میں پارٹی فعالیت کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
کابینہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹرنسیم بلوچ نے کہا کہ جدوجہد آزادی کی تحریک میں بلوچ نیشنل موومنٹ ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بلوچستان اور بلوچستان سے باہر ایک وسیع ڈائسپورہ کی صورت میں پارٹی کارکن اور کیڈر بلوچ قومی مقدمہ انتہائی جانفشانی سے لڑرہے ہیں اور بلوچ قومی آواز کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچا رہے ہیں۔ بلوچ نیشنل موومنٹ کی فعالیت اور بلوچ تحریک آزادی کے پروگرام کو منزل تک پہنچانے کے لیے ہماری لیڈرشپ، کیڈر اور کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور قربانیوں کا یہ سفرآج بھی جاری ہے۔
چیئرمین ڈاکٹرنسیم بلوچ نے کہا کہ ایک جانب تحریک آزادی جاری ہے جسے بلوچ قوم کی وسیع اکثریت کی حمایت حاصل ہے تو دوسری جانب نام نہاد قوم پرست چندسطحی مراعات اور مفادات کے لیے بلوچ لہو اوربلوچ قومی وسائل کا سودا لگاکر روُ سیاہی کما رہے ہیں۔ انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ وقت ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا ہے۔ آج اگر ہماری دشمن طاقتورہے، دشمن کے پاس وسائل کی فراوانی ہے، دشمن کے افواج بشمول تمام ادارے بلوچ قوم کے خلاف متحرک اور بلوچ نسل کشی میں مصروف عمل ہیں لیکن دشمن کے طاقت کی یہ عمارت جھوٹ ، دھوکہ دہی اور باطل کی بھیساکیوں پر کھڑا ہے۔ نام نہاد قوم پرست اس امید پر دشمن کے ساتھ ہیں کہ دشمن کی طاقت ہمیشہ رہے گا اور وہ مراعات اور مفادات کی سمندرمیں غوطہ زن رہیں گے۔ لیکن انہیں یہ ادراک نہیں کہ وہ وقت دور نہیں کہ دشمن کی طاقت کا یہ عمارت دھڑام سے نیچے گرجائے گا اور بلوچ سرخرو ہوگا کیونکہ بلوچ قومی تحریک تاریخی سچائیوں پر قائم ہے۔ بلوچ کسی توسیع پسندی یا انتہا پسندی کے بجائے عالمی اصولوں اور اپنے قومی اقدارکے عین مطابق اپنے سرزمین کی آزادی کی لڑائی لڑرہے ہیں ۔
انہوں نے کہا بلوچ نیشنل موومنٹ کے تمام ادارے فعالیت کے ساتھ اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ اس میں ہیومن رائٹس ڈیپارٹمنٹ، ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور تربیتی ادارے خصوصی طورپر قابل ذکر ہیں۔ ان اداروں کی بدولت بلوچ نیشنل موومنٹ کی خدمات کا دائرہ زیادہ وسیع،منظم اور نتیجہ خیز ہو چکا ہے۔ لیکن اس کے باوجود ہمیں وقت کے تضاضوں سے ہم آہنگ پالیسیوں اور حکمت عملیوں کی ضرورت ہے کیونکہ خطے اور عالمی صورت انتہائی تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں۔ ہمیں ان تبدیلیوں سے مستفید ہونے کے لیے اپنی پالیسیوں اورحکمت عملیوں کو وقت سے ہم آہنگ کرنا نہایت ضروری ہے ۔
چیئرمین ڈاکٹرنسیم بلوچ نے کہا بلوچ نیشنل موومنٹ کی ہمیشہ سے یہ کاوش اور کوشش رہی ہے کہ بلوچ قوم تحریک میں اتحاد، یکجہتی و یگانگت اور اشتراک عمل ہو، جو تحریک کی اہم ضرورت ہے۔ اس باب میں ہمارے لیڈرشپ نے ہمیشہ کوشش کی ہے بلکہ سابق سیکریٹری جنرل ڈاکٹر منان بلوچ کی شہادت اسی سلسلے میں سفر کے دوران واقع ہوئی۔ ہم چاہتے ہیں کہ اتحاد کو مضبوط بنیاد فراہم کریں کیونکہ سطحی اتحاد کا انجام ہمیشہ مزید شکست و ریخت کی صورت میں برآمد ہوتا ہے جس سے قوم میں مزید مایوسی پھیل جاتی ہے اور آگے اتحاد و اشتراک عمل کی راہیں ناپیدہوجاتے ہیں۔ ہم قومی تحریک آزادی کی تمام اسٹیک ہولڈروں سے اتحاد کے لیے رابطہ کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک تفصیلی ڈرافٹ تمام تنظیموں کو ارسال کی جاچکی ہے جس کے جواب آتے ہی عملی رابطوں کا آغاز کیا جائے گا۔
کابینہ میٹنگ میں مختلف معاملات پر اہم فیصلے کے گیے جنہیں سرکولر کے ذریعے پارٹی کے ذیلی اداروں تک پہنچایا جائے گا۔