مقبول بولی ووڈ اداکار نتیش پانڈے دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے 50 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کی موت بھارتی ریاست مہاراشترا کے شہر ناشیک میں ہوئی جہاں وہ ایک ہوٹل کے کمرے میں قیام کررہے تھے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق نتیش پانڈے کی موت دل کا دورہ پڑنے کے سبب ہوئی ہے۔
اداکار کی موت کی اطلاع ملنے پر پولیس ہوٹل پہنچی جہاں ہوٹل انتظامیہ اور اداکار کے قریبی دوستوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے تاہم پولیس کو لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کا انتظار ہے۔
مزاحیہ طبیعت کے مالک بھارتی اداکار نتیش پانڈے نے بھارت کی کئی مقبول فلموں میں کام کیا، انہوں نے 90 کی دہائی میں بطور تھیٹر اداکار کے طور پر اپنے کرئیر کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے مختصر ٹی وی پروگرام ’ایک پریم کہانی‘، ’منزلیں اپنی اپنی‘، ’سایہ‘، جستجو’ بھی کام کیا۔
اس کے علاوہ بولی ووڈ کی مقبول فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں ’بدھائی ہو‘، ’شادی کے سائڈ افکٹ‘، ’ رنگون’ اور شاہ رخ خان کی مقبول فلم ’اوم شانتی اوم‘ بھی شامل ہیں۔
انہوں نے سلمان خان کی فلم ’دبنگ 2‘ اور عرفان خان کی فلم ’ماداری‘ میں بھی اداکاری کی تھی۔