مغربی بلوچستان: ایرانی فورسز پر حملہ، پانچ اہکار ہلاک، دو زخمی

864

مغربی بلوچستان کے علاقے سراوان میں ایرانی سیکورٹی فورسز پر ہونے والے ایک حملے میں پانچ اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کی سرحد پر واقع صوبہ سیستان و بلوچستان( مغربی بلوچستان ) میں ہونے والے ایک حملے میں سرحدی فورسز کے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایران کے بارڈر گارڈ فورسز کے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن سینٹر نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کیساتھ گذشتہ رات کو اس وقت ایرانی سرحدی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ جھڑپ ہوئی جب انہوں نے سراوان کے سرحدی علاقے میں ایران میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

آئی ایس این اے نے لکھا ہے کہ جھڑپ میں پانچ ایرانی سرحدی فورسز کے اہلکار ہلاک ہوئے ہیں اور حملہ آوروں کو بھی جانی نقصان کا سامنا رہا ہے جبکہ حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

آئی ایس این اے کے مطابق دو دیگر ایرانی سرحدی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنکی حالت بھی تشویشناک ہے۔

تاہم حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔