سی پیک روٹ پر پاکستانی فوج پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں – بی ایل اے

420

بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے کیچ کے علاقے تجابان، کرکی اور  کولواہ میں قابض پاکستانی فوج کو تین مختلف حملوں میں نشانہ بنایا، حملوں میں تین دشمن اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہوگئے جبکہ دشمن کا سرویلینس ڈرون بھی مار گرایا۔

انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے تجابان میں سی پیک روٹ پر قابض پاکستانی فوج کے مرکزی کیمپ کو مسلح حملے میں نشانہ بنایا، سرمچاروں نے راکٹ و دیگر خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم از کم دو دشمن اہلکار موقع پر ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دریں اثناء سرمچاروں کے ایک اور دستے نے کرکی کے علاقے میں پاکستانی فوج کے ایک پوسٹ پر حملہ کیا، حملے کے نتیجے میں ایک دشمن اہلکار موقع پر ہلاک اور کم از کم دو زخمی ہوگئے۔

ترجمان نے کہا کہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے تیسرے حملے میں کولواہ کے علاقے رودکان میں قابض پاکستانی فوج کے ایک پوسٹ پر گرنیڈ لانچر کے گولے داغ کر نشانہ بنایا۔ سرمچاروں نے گرنیڈ لانچر سے دشمن پر متعدد گولے داغے جس کے نتیجے میں دو دشمن اہلکار زخمی ہوگئے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ حملے کے وقت دشمن نے سرویلنس ڈرون کا استعمال کیا جس کو سرمچاروں نے مار گرایا۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی مذکورہ تینوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور اس عزم کو دہراتی ہے کہ قابض فوج کے مکمل انخلاء تک ہماری کاروائیاں شدت کیساتھ جاری رہینگی۔