خضدار: وڈھ کے مقام پر کراچی، کوئٹہ شاہراہ بند

930

ضلع خضدار کے تحصیل وڈھ میں کراچی، کوئٹہ شاہراہ احتجاج کے سبب بند، ہزاروں مسافر پھنس گئے۔

تفصیلات کے مطابق میراجی قبیلہ کی جانب سے وڈھ اور شاہ نورانی سے کوئٹہ کراچی شاہراہ ٹریفک کےلیے مکمل بند کردیا گیا ہے۔

وڈھ کے علاقہ شاہ نورانی میں لیویز فورس کی جانب سے منشيات کے کیس میں گرفتاری کے خلاف لواحقين نے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بند کردیا ہے۔

لیویز ذرائع کےمطابق شاہ نورانی میں عاشق علی نامی شخص کھلے عام منشيات فروخت کررہا تھا جس کو لیویز فورس نے گرفتار کرلیا۔

لواحقين کے مطابق لیویز کی طرف سے عاشق علی پر مختلف بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں جب تک ان کو رہا نہیں کیا جاتا تب تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

آخری اطلاعات تک شاہراہ مکمل بند ہے جس کے سبب مسافر اور مال بردار گاڑیاں پھنس گئے ہیں ۔ جبکہ خواتین، بچے اور مریضوں کو شدید مشکلات پیش آرہے ہیں۔