خضدار: نرسنگ کالج کے طالبات کا احتجاج جاری

403

نرسنگ کالج خضدار کی طالبات کا احتجاج و کلاسز سے بائیکاٹ چوتھے روز میں بھی جاری ہے۔ طالبات کی شنوائی نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ مذکورہ کالج کے طالبات پچھلے چھ ماہ سے زائد عرصے سے اساتذہ، کشادہ عمارت، ہاسٹل، اسکالرشپ کی سالوں سے عدم ادائیگی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے سراپا احتجاج ہیں۔ مطالبات تسلیم کرکے عمل در آمد نہ ہونے پر گذشتہ چار روز سے طالبات نے کلاسز سے بائیکاٹ کرکے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

احتجاجی کیمپ کو طالبات نے کالج گیٹ سے ایدھی سینٹر خضدار کے سامنے منتقل کیا ہے، طالبات کا کہنا تھا کہ اگر انکے مطالبات پر 48 گھنٹوں تک سنجیدگی سے عمل درآمد نہیں کیا گیا تو وہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو بند کرنے، بھوک ہڑتال پر بیٹھنے سمیت دیگر آئینی و قانونی حقوق کی رو سے احتجاج کو مزید وسعت دینگے۔