بلوچستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ہوگا

161

بلوچستان میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ہوگا جہاں پہلے مرحلے میں 5 سال سے کم عمر 12 لاکھ 60 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

بلوچستان ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے کوآرڈینیٹر سید زاہد شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان کے 18 اضلاع کی 593 یونین کونسلز میں پولیو مہم چلائی جائے گی۔

سید ازہد شاہ نے کہا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے تقریباً 5 ہزار ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، ہائی رسک والے علاقوں میں بھی پولیو مہم شروع کرنے کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

18 اضلاع میں پشین، قلعہ عبداللہ، چمن، بارکھان، مستونگ، چاغی، ڈیرہ بگٹی، دکی، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، نوشکی، حب، جعفرآباد، نصیر آباد، شیرانی، صحبت پور، موسیٰ خیل اور ژوب شامل ہیں۔

کوآرڈینیٹر سید زاہد شاہ کہتے ہیں کہ بلوچستان میں گزشتہ 2 سال سے پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، تاہم پولیو کا آخری کیس رواں سال 27 جنوری کو ضلع قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوا تھا۔ اس کے علاوہ اپریل 2021 سے صوبے کے کسی بھی ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملک کے دیگر علاقوں اور افغانستان میں پولیو وائرس کی موجودگی بلوچستان کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مہم کے دوران پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کریں۔