بلوچستان: مختلف اضلاع میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی

160

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کے نصف سے زائد جنوبی حصے کے علاقوں کو اس ہفتے درجہ حرارت میں اچانک اضافے کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ دیگر حصوں میں بھی درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔

یو این اے کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ موسمیاتی ایڈوائزری کے مطابق بالائی فضا میں ہوا کے زیادہ دباو کے پیش نظر ملک کے بیشتر حصوں بالخصوص ملک کے جنوبی نصف حصوں میں 10 سے 17 مئی تک دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے کچھ حصوں جن میں حب، لسبیلہ، اوتھل، تربت، گوادر، تربت، خضدار، کوئٹہ، نصیر آباد، جعفرآباد، کوہلو، بارکھان شامل ہیں جن میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پارہ معمول سے دو سے تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا ۔

محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو فصلوں کے پانی کا انتظام کرنے کا مشورہ دیا ہے اور عوام الناس کو بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ براہ راست سورج کی تپش میں غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں اور پانی کا درست استعمال کریں عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔