کوئٹہ: ڈاکٹر نبی داد اور فیاض لاشاری پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ

433

ہفتے کی شپ ڈاکٹر نبی داد بگٹی اور ڈاکٹر فیاض لاشاری لاپتہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد میں پبلک ہیلتھ میں ماسٹر کرنے والے دونوں نوجوان آج اسلام آباد سے کوئٹہ آتے ہوئے شام 7 بجے کے قریب زیارت کراس کے مقام پر پاکستانی فورسز کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد لاپتہ ہوگئے۔

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چئرمین ماما قدیر کے مطابق بلوچ ڈاکٹرز فارم نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر نبی دادبگٹی اور ڈاکٹر فیاض لاشاری کواسلام آباد سے کوئٹہ آتے ہوئے زیارت کے قریب “نامعلوم مسلح افراد” نے کی اغواء کیا ہے۔

دریں اثنا بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بولان میڈیکل کالج یونٹ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ڈاکٹر نبی داد بگٹی اور ڈاکٹر فیاض لاشاری کو اسلام آباد سے کوئٹہ واپسی پر زیارت کراس کے قریبی علاقے سے آج شام ساڑھے سات بجے کے قریب نا معلوم افراد نے گرفتار کرکے لاپتہ کر دیا ہے۔

بی ایس او بی ایم سی یونٹ اس شرمناک عمل کی بھر پور مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بی ایم سی سمیت ڈاکٹرز کمیونٹی اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمارا ساتھ دیں اور ہمارے ڈاکٹرز کی باحفاظت بازیابی کے لئے ہماری آواز بنیں۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ اگر لاپتہ ڈاکٹرز جلد باحفاظت بازیاب نہ ہوئیں تو بی ایس او کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرئے گی۔